سپریم کورٹ نے انتخابات تاخیر کرنے کی ایک اور درخواست مسترد کر دی Leave a comment

عام انتخابات کی تاریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا ہے،الیکشن پروگرام جاری ہو چکا اب کچھ نہیں ہو سکتا،الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔سپریم کورٹ کے ججز کے ریمارکس

اسلام آباد( مانسہرہ ٹا ئمز ۔ 19 دسمبر 2023ء ) سپریم کورٹ نے انتخابات تاخیر کرنےکی ایک اور درخواست مسترد کردی ۔قاٸم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ قاٸم مقام چیف جسٹس جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دئیے کہ عام انتخابات کی تاریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا ہے، کیا آپ ملک میں استحکام نہیں چاہتے؟ عام انتخابات کی تاریخ آنا کوٸی معمولی بات نہیں۔

وکیل درخواستگزار قمر افضل نے کہا کہ انتخابی حلقہ بندی کے حوالے سے غلط فیصلہ کیا گیا ۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن پروگرام جاری ہو چکا اب کچھ نہیں ہو سکتا، انفرادی درخواستوں پر فیصلہ دینے لگ گٸے تو الیکشن عمل متاثر ہوگا، ایسی درخواستوں پر عام انتخابات کے لیے 8فروری کی تاریخ کو ڈسٹرب نہیں کریں گے، جسٹس منصور شاہ کا وکیل درخواستگزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ انتخابات وقت پر نہیں چاہتے تو عدالت میں بیان دیں، الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دینگے،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ انتخابات میں کوٸی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، کسی کو الیکشن تاخیر کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دینگے، سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 12میں حلقہ بندی سے متعلق نظرثانی درخواست خارج کر دی۔

سپریم کورٹ نے حکم دیاکہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہوسکتی ، درخواستگزار امیر خان نے بلوچستان ہاٸی کورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ رجوع کیا تھا۔ درخواست میں انتخابی حلقہ بندی پر اعتراضات اٹھائے گٸے تھے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔سپریم کورٹ نے اس حوالے سے واضح احکامات دے رکھے ہیں کہ انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہو گی۔

Leave a Reply