|
ویب ڈیسک—امریکہ کے معروف گولف اسٹار ٹائیگر ووڈز کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاری جاری ہے۔
معروف امریکی شوبز جریدے ‘پیپل’ کے مطابق ‘ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز’ نے مصنف کیون کُک کی کتاب ‘دی ٹائیگر سلیم’ کے فلمی حقوق حاصل کر لیے ہیں۔
پروڈکشن کمپنی ‘ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز’ کے ترجمان نے ‘پیپل’ میگزین کو کیون کُک کی کتاب پر فلم بنانے کے رائٹس حاصل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
مصنف کیون کُک کی کتاب ‘دی ٹائیگر سلیم’ دسمبر 2024 میں شائع ہوئی تھی جس میں گولف اسٹار ٹائیگر ووڈز کی زندگی اور ان کی کامیابی کی داستان بیان کی گئی ہے۔
فلم کی پروڈکشن سے متعلق سابق امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما کا نام بھی سامنے آیا ہے۔
اس معاملے سے باخبر ایک ذرائع نے بدھ کو خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کو بتایا کہ براک اوباما اور مشیل اوباما اپنی پروڈکشن کمپنی ‘ہائیر گراؤنڈ’ کے ذریعے ٹائیگر ووڈز کی بائیوپک پروڈیوس کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
‘پیپل’ میگزین کے مطابق فلم کی ہدایت کاری کے لیے رینالڈو مارکس گرین کا نام زیرِ غور ہے۔
رینالڈو مارکس امریکی ٹینس اسٹارز وینس ولیمز اور سیرینا ولیمز پر مبنی بائیوپک ‘کنگ رچرڈ’ کی ہدایت دے چکے ہیں۔
اس سے قبل امریکی ٹیلی وژن کمپنی ‘ایچ بی او’ بھی 2021 میں ٹائیگر ووڈز پر مبنی ڈاکیومینٹری پیش کر چکا ہے۔
یہ ڈاکیومینٹری جیف بینیڈکٹ اور آرمن کٹیئن کی 2018 میں شائع ہونے والی کتاب ‘ٹائیگر ووڈز’ پر مبنی تھی۔ اس کتاب میں ٹائیگر ووڈز کے کریئر کے اتار چڑھاؤ اور کھیل سے کچھ عرصہ دوری کے بعد واپسی کا ذکر کیا گیا تھا۔
ٹائیگر ووڈز فروری 2021 میں ایک خوف ناک کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔
گولف کی دنیا میں دو دہائیوں سے زائد عرصے سے حکمرانی کرنے والے 49 سالہ ٹائیگر ووڈز اب تک 15 بڑے ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ٹی جی ایل گولف لیگ میں کھیلا تھا۔گزشتہ روز انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وہ زخمی ہو گئے ہیں اور ان کی توجہ ریکوری پر ہے۔