سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں تحریکِ انصاف کے کارکنان اسلام آباد کی چونگی نمبر 26 سے ریڈ زون کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 پہنچ چکا ہے جب کہ اس کی قیادت بشری بی بی کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان تحریکِ انصاف کے احتجاج کے لیے متبادل مقام کے پر دھرنے کی حمایت کر رہے ہیں۔ لیکن مقامی میڈیا کی ان رپورٹس کی پی ٹی آئی کی جانب سے تصدیق نہیں ہوئی۔
رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے بقول ’’عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے۔ ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے قافلے جب روانہ ہوئے تھے تو اس کی قیادت خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کر رہے تھے۔ البتہ اسلام آباد پہینچے پر تاحال وہ سامنے نہیں آئے۔