اسرائیل اور حزب اللہ میں کشیدگی بڑھنے کے بعد امریکہ، فرانس اور دیگر ممالک نے بدھ کو ایک مشترکہ بیان میں 21 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق جنگ بندی مطالبے کا مقصد کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔
اسرائیل اور حزب اللہ میں کشیدگی کے دوران لبنان پر حملوں میں حالیہ چند دنوں میں 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ، فرانس اور دیگر ممالک کا مشترکہ بیان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نیویارک میں جاری اجلاس کے موقع پر سامنے آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان اسرائیل کی سرحد پر فوری طور پر 21 روزہ جنگ بندی کی جائے تاکہ سفارت کاری کے لیے موقع مل سکے۔
اس بیان میں اسرائیل اور لبنان کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر عارضی جنگ بندی کی توثیق کریں۔
امریکہ سمیت دیگر ممالک کے جنگ بندی کے مطالبے پر اسرائیل یا لبنان کی حکومت یا لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔