پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں انتخابی اُمیدوار کے قتل کے بعد صورتِ حال کشیدہ ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق بدھ کی دوپہر نامعلوم افراد نے انتخابی مہم کے دوران اُمیدوار ریحان زیب خان پر فائرنگ کر دی جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ریحان زیب خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 08 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 22 سے آزاد اُمیدوار تھے۔ اُمیدوار کے قتل کے بعد الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے ایک بیان میں ریحان زیب کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین مبینہ طور پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کی ایک چیک پوسٹ پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے بھی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی مہم کے دوران بے امنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر جمعرات کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق این اے 08 باجوڑ میں ایک امیدوار کے قتل پر چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
ریحان زیب کا شمار باجوڑ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سرگرم کارکنوں میں ہوتا تھا، تاہم وہ پارٹی کے نامزد کردہ اُمیدوار نہیں تھے اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے تھے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات سے قبل بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انتخابی اُمیدواروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
چند روز قبل بلوچستان کے شہر سبی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی ریلی پر فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔