|
بنگلہ دیش میں 57 فی صد لوگ عوامی لیگ کو سیاست جاری رکھنے کی اجازت کے حق میں ہیں جب کہ 35.5 فی صد عوامی لیگ پر پابندی کے حق میں ہیں۔
اس رائے کا اظہار جواب دہندگان نے وائس آف امریکہ بنگلہ کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں کیا۔ سروے میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ آیا عوامی لیگ پر پابندی لگنی چاہیے یا انہیں سیاست میں حصہ لینے اجازت دینی چاہیے۔
اس سوال پر 4.9 فی صد کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے جب کہ 2.6 فی صد نے سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔
سروے میں دیگر جواب دینے والوں کے مقابلے میں 18 سے 34 سال کی عمر کے (39.9 فی صد) نوجوان عوامی لیگ پر پابندی کے زیادہ حامی ہیں۔ دوسری جانب 35 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 30.8 فی صد جواب دہندگان عوامی لیگ پر پابندی کے حق میں ہیں۔
یہ معلومات وائس آف امریکہ بنگلہ کی نگرانی میں بنگلہ دیش میں ملگ گیر ہونے والے ایک سروے کے نتائج میں سامنے آئی ہے۔
طلبہ کے احتجاج کے بعد پانچ اگست 2024 بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا اور آٹھ اگست کو ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت نے بنگلہ دیش کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔
وی او اے نے 13 سے 27 اکتوبر تک ایک ملک گیر سروے کیا جس میں شہریوں کی اس بارے میں رائے معلوم کی کہ وہ عبوری حکومت کے انتظام سنبھالنے کے بعد بنگلہ دیش کی صورتِ حال کو کیسا دیکھتے ہیں؟
یہ سروے وائس آف امریکہ بنگلہ کی ادارتی رہنمائی میں ریسرچ اور سروے کمپنی او آر جی- کیوئیسٹ ریسرچ لمیٹڈ کی جانب سے کیا گیا۔
سروے ملک کے آٹھ ڈویژنز میں 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 1000 افراد کے درمیان کمپیوٹر کی مدد سے ٹیلی فون انٹرویو کے ذریعے کیا گیا جو وی او اے کے فراہم کردہ سوالناموں پر مبنی تھا۔
واضح رہے کہ سروے میں مارجن آف ایرر 3.1 فی صد ہے۔ چوں کہ سروے میں شامل افراد نے جوابات لگ بھگ ایک ماہ قبل دیے تھے اس لیے کئی کیسز میں سروے کے نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔
نصف سے زیادہ افراد عوامی لیگ پر مستقل پابندی کے حق میں
سروے میں جب پوچھا گیا کہ اگر عوامی لیگ پر پابندی لگانی ہے تو وہ کتنی طویل ہونی چاہیے؟ اس سوال کے جواب میں جن لوگوں نے عوامی لیگ پر پابندی کے حق میں رائے دی ان میں سے نصف سے زائد یعنی 54.1 فی صد نے کہا کہ عوامی لیگ پر مستقل پابندی لگنی چاہیے۔
جواب دینے والوں میں سے 15.2 فی صد کی رائے تھی کہ عوامی لیگ پر 10 سال سے زائد پابندی لگنی چاہیے جب کہ 8.9 فی صد چاہتے تھے کہ وہ عوامی لیگ پر 5 سے 10 سال کی پابندی دیکھنا چاہتے ہیں۔
رائے دہندگان میں سے 11.2 فی صد چاہتے ہیں کہ عوامی لیگ پر ایک سے پانچ سال کی پابندی لگائی جائے جب کہ 3.3 فی صد کا کہنا تھا کہ عوامی لیگ پر ایک سال کی پابندی لگنی چاہیے۔ 1.8 فی صد لوگوں نے جواب نہیں دیا جب کہ 5.5 فی صد نے کہا کہ انہیں اس بارے میں معلوم نہیں ہے۔
نوجوان رائے دہندگان (18 سے 34 سال) میں سے 53.9 فی صد اور 35 یا اس سے زائد عمر کے 60.3 فی صد عوامی لیگ کے سیاست جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔
خواتین رائے دہندگان میں 53.9 فی صد جب کہ مردوں میں سے 61.8 فی صد چاہتے ہیں کہ عوامی لیگ سیاست جاری رکھے۔
اسی طرح دیہی جواب دہندگان میں سے 57.1 فی صد جب کہ شہری رائے دہندگان میں سے 56.7 فی صد چاہتے ہیں کہ عوامی لیگ کو سیاست کی اجازت دینی چاہیے۔
دوسری جانب نوجوان رائے دہندگان (18 سے 34 سال) میں سے 39.9 فی صد اور 35 یا اس سے زائد عمر کے 30.8 فی صد عوامی لیگ کی سیاست پر پابندی کے حق میں ہیں۔
شہری رائے دہندگان میں سے 38.2 فی صد جب کہ دیہی جواب دہندگان میں سے 34.6 فی صد عوامی لیگ پر پابندی چاہتے ہیں۔ خواتین میں سے 38.7 فی صد جب کہ مردوں میں 32.3 فی صد چاہتے ہیں کہ عوامی لیگ پر پابندی لگائی جائے۔
سروے میں 46.8 فی صد عوامی لیگ کے رہنماؤں پر پابندی کے حق میں ہیں جب کہ 45.8 فی صد چاہتے ہیں کہ رہنماؤں کو سیاست جاری رکھنے کی اجازت دینی چاہیے۔
چھیالیس فی صد سے زائد عوامی لیگ کے رہنماؤں کی سیاست میں پابندی کے حق میں
سروے میں جب پوچھا گیا کہ عوامی لیگ کے رہنماؤں کو سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگانی چاہیے یا انہیں اس کی اجازت دینی چاہیے؟ اس سوال پر 46.8 فی صد رائے دہندگان رہنماؤں کی سیاست میں پابندی کے حق میں تھے جب کہ تقریباً اتنے ہی 45.8 فی صد نے انہیں سیاست میں اور الیکشن میں حصہ لینے کے حق میں رائے دی۔
چار اعشاریہ دو فی صد رائے دہندگان نے کہا کہ وہ اس بارے میں نہیں جانتے جب کہ 3.1 فی صد نے جواب دینے سے انکار کیا۔
بڑی عمر کے رائے دہندگان کے مقابلے میں نوجوان عوامی لیگ کے رہنماؤں کی سیاست پر پابندی کے زیادہ حق میں ہیں۔ 18 سے 34 سال کے نوجوان رائے دہندگان میں سے 52.1 فی صد جب کہ 35 یا اس سے زائد عمر کے جواب دہندگان میں سے 41.3 فی صد عوامی لیگ کے رہنماؤں کی سیاست میں پابندی کے حق میں ہیں۔
شہری رائے دہندگان میں سے 48.8 فی صد جب کہ دیہی جواب دہندگان میں سے 46.2 فی صد، مردوں میں 44.4 فی صد اور خواتین میں 49.9 فی صد عوامی لیگ کے رہنماؤں کی سیاست میں پابندی کے حق میں ہیں۔
عوامی لیگ کے رہنماؤں پر کتنی طویل پابندی لگنی چاہیے؟
عوامی لیگ کے رہنماؤں کی سیاست پر پابندی کے حق میں جواب دینے والوں میں سے 54.5 فی صد چاہتے ہیں کہ رہنماؤں پر سیاست کرنے پر مستقل پابندی لگنی چاہیے۔ 11.2 فی صد چاہتے ہیں کہ پابندی 10 سال سے زیادہ ہو، 8.6 فی صد کی رائے میں پابندی کو 5 سے 10 سال تک ہونا چاہیے۔ 12.2 فی صد چاہتے ہیں کہ یہ پابندی ایک سے پانچ سال ہو جب کہ 5.3 فی صد کے خیال میں پابندی ایک سال کے لیے ہونی چاہیے۔
ان جواب دہندگان میں سے 7.4 فی صد نے کہا کہ وہ اس متعلق کچھ نہیں جانتے جب کہ 0.8 فی صد نے سوال کا جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب وہ لوگ جو چاہتے ہیں کہ عوامی لیگ کے رہنماؤں کو سیاست جاری رکھنے اجازت ہونی چاہیے۔ ان میں سے 53.9 فی صد 18 سے 34 سال کے نوجوانوں، 35 سال یا اس سے زیادہ کے 60.8 فی صد رائے دہندگان نے رہنماؤں کو سیاست کی اجازت دینی چاہیے کہ حق میں رائے دی۔
ان میں سے 61.8 فی صد مرد جب کہ 52.2 فی صد خواتین نے رہنماؤں کی سیاست جاری رکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی۔