ہلاک ہونے والوں میں بوسٹن اسکیٹنگ کلب کے فگر اسکیٹرز شامل

ہلاک ہونے والوں میں بوسٹن اسکیٹنگ کلب کے فگر اسکیٹرز شامل Leave a comment

  • امریکی مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں بوسٹن کے اسکیٹنگ کلب کے نوجوان فگر اسکیٹرز ، ان کی مائیں اور کوچ بھی شامل تھے۔
  • یہ اسکیٹرز فگر اسکیٹنگ چیمپیئن شپ مقابلوں میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے جو اتوار کو کنساس کے شہر وچیٹا میں ختم ہوئے تھے۔
  • فائر چیف ، جان ڈونیلی نے کہا ، انہیں یقین ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی باقیات بازیاب ہو جائیں گی لیکن اس میں کچھ وقت لگے گا۔

امریکی ائیر لائنز کے ایک طیارے اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان ڈی سی ایریا کے رونلڈ ریگن ائیر پورٹ پر پیش آنے والے حادثے میں بوسٹن کے اسکیٹنگ کلب کے نوجوان فگر اسکیٹرز ، ان کی مائیں اور کوچ بھی شامل تھے۔

یہ اسکیٹرز فگر اسکیٹنگ چیمپیئن شپ مقابلوں میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے جو اتوار کو کنساس کے شہر وچیٹا میں ختم ہوئے تھے۔

وہ اس طیارے کے ساٹھ مسافروں اور عملے کے ان چار ارکان میں شامل تھے جو بدھ کی رات امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ ہوا ۔ ہیلی کاپٹر میں تین فوجی سوار تھے ۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پوٹومک دریا کے اوپر ٹکرانے والے طیارے اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب وہ دونوں پانی میں گر گئے ۔

فائر چیف جان ڈونیلی نے ملک کے دار الحکومت واشنگٹن میں کہا ، انہیں یقین ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی باقیات ڈھونڈ لی جائیں گی لیکن اس میں کچھ وقت لگے گا۔

بوسٹن کلب نے ایک بیان میں کہا اس پرواز میں متعدد ایتھلیٹ بھی سوار تھے جنہوں نے امریکی فگر اسکیٹنگ چیمپیئن شپ مقابلوں میں حصہ لینے کے بعد ایک نیشنل کیمپ میں شرکت کی تھی ۔

یو ایس فگر اسکیٹنگ نے ایک بیان میں کہا کہ ، “ہم اس ناقابل بیان المیے پر بہت زیادہ پریشان ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتے ہیں۔”

امریکی ائیر لائنز نے ان لوگوں کے لیے جو اپنے خاندان کے افراد کے بارے میں معلومات تلاش کر رہے ہیں جو ممکنہ طور پر بدھ کو حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار تھے ، ایک ہاٹ لائن اور واشنگٹن اور وچیٹا میں سینٹرز قائم کر دیے ہیں ۔ اس ہاٹ لائن کا نمبر 800 679 8215۔ 1 ہے۔

جمعرات کے روز بوسٹن میں ایک نیوز کانفرنس کے دواران اسکیٹنگ کلب کے سی ای او،ڈگ زیگھائب نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں اسکیٹر ز جینا ہان اور سپینسر لین اور ان کی مائیں اور کوچ ایوگینیا ششکووا اور ودیم نوموف شامل تھے ۔

روسی اسکیٹرز ششکووا اور نوموف 24 فروری 1996 کو پیرس میں ایک ایونٹ میں پرفارم کرتے ہوئے ، فائل فوٹو

زیگھائب نے بتایا کہ جینا ہان اور سپینسر لین امریکی فگر اسکیٹنگ چیمپیئن شپ مقابلوں میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے ، جینا کی عمر تقریباً 15 سال اور سپینسر کی لگ بھگ 16 سال تھی ۔ ان کی مائیں جن ہان اور کرسٹین لین ان کے ہمراہ تھیں۔

ششکووا اور نوموف نے جاپان کے شہر چھیبا میں 1994 کی ورلڈ چیمپئن شپ میں پیرس ٹائٹل جیتا تھا۔ انہوں نے دو بار اولمپکس میں بھی شرکت کی تھی۔

بوسٹن کا اسکیٹنگ کلب ان دونوں کا اندراج کوچز کی فہرست میں کرتا ہے ۔ ان کے بیٹے میکسم نوموف امریکہ کے لیے فگر اسکیٹنگ مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں اور وہ اس طیارے میں سوار نہیں تھے ۔ زیگھائب نے جذباتی انداز میں کہا، ’’ اس کے ہماری کمیونٹی پر بہت دور رس اثرات ہوں گے ۔‘‘

امریکی فگر اسکیٹنگ کمیونٹی میں یہ پہلا فضائی سانحہ نہیں ہے۔

ایک 18 رکنی امریکی ٹیم کے ارکان جو پراگ میں عالمی چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے لیے تیار تھے، 15 فروری 1961 کو اس وقت ہلاک ہو گئے جب سبینا فلائٹ 548 برسلز سے تقریباً 45 منٹ کے فاصلے پر ایک علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ امریکی کوچز اور چار اسکیٹنگ اہلکار اور خاندان کے کچھ افراد بھی شامل تھے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔



Supply hyperlink

Leave a Reply