‘کہیں نہیں جا رہا’؛ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر بھارتی کپتان روہت شرما کا جواب

‘کہیں نہیں جا رہا’؛ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر بھارتی کپتان روہت شرما کا جواب Leave a comment

  • سڈنی ٹیسٹ سے ‘آرام’ کا فیصلہ نہ تو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہے اور نہ ہی ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہو رہا ہوں، روہت شرما
  • میچ سے قبل کوچ اور سلیکٹرز کو بتایا تھا کہ میں فارم میں نہیں ہوں، شرما
  • مشورہ دیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے انتہائی اہم میچ کے لیے ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہے جو فارم میں ہو، روہت شرما
  • آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں روہت شرما کی جگہ فاسٹ بالر جسپریت بمرا بھارتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

ویب ڈیسک — بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں پر بالآخر جواب دے دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے فارم میں نہیں تھے اس لیے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں بنے۔ لیکن وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہفتے کو ‘اسٹار اسپورٹس’ سے بات کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ وہ کہیں بھی نہیں جا رہے۔

سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ تو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہے اور نہ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہو رہے ہیں۔

بھارتی کپتان اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ لیکن سیریز کے بقیہ تین میچز میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، وہ تین میچز کی چھ اننگز میں صرف 31 رنز ہی بنا سکے تھے۔

شرما کی مایوس کن کارکردگی اور سیریز میں آسٹریلیا کی 1-2 سے برتری کے بعد ناقدین نہ صرف بھارتی کپتان پر تنقید کر رہے تھے بلکہ ان سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے مطالبات بھی ہونے لگے تھے۔

سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری نے بھی روہت کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں اب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔

تاہم ہفتے کو بات کرتے ہوئے روہت شرما نے بتایا کہ انہوں نے کوچ اور سلیکٹرز کو بتایا تھا کہ وہ فارم میں نہیں ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے انتہائی اہم میچ کے لیے ٹیم کو ایک ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہے جو فارم میں ہو۔

سڈنی ٹیسٹ میں روہت کے ‘آرام’ کے فیصلے کے بعد سلیکٹرز نے شبمن گل کو ان کی جگہ سڈنی ٹیسٹ میں شامل کیا تھا جب کہ جسپریت بمرا کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔

گزشتہ برس اکتوبر اور نومبر میں بھارتی سرزمین پر کھیلی گئی سیریز میں بھی روہت شرما کی کارکردگی کچھ خاص نہیں تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے فروری 2022 میں وراٹ کوہلی کی معزولی کے بعد ٹیم کی قیادت روہت شرما کو سونپی تھی۔

روہت نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں اب تک 67 میچز کھیلے ہیں اور وہ 12 سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کی بدولت چار ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ سے لی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply