کرسمس اور نیو ایئر پر فضائی و زمینی سفر کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان

کرسمس اور نیو ایئر پر فضائی و زمینی سفر کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان Leave a comment

  • کرسمس اور نئے سال کی چھٹیوں میں امریکیوں کی بڑی تعداد سفر کرتی ہے۔
  • امریکن آٹوموبیل ایسوسی ایشن کے مطابق اس بار تعطیلات کے سیزن میں لگ بھگ 12 کروڑ سے زائد امریکی اپنے گھر سے کم ازکم 80 کلومیٹر کا سفر کریں گے۔
  • ایک اندازے کے مطابق 19 دسمبر سے چھ جنوری تک پانچ کروڑ سے زائد مسافر فضائی سفر کریں گے۔
  • امریکہ میں کرسمس سے پہلے اور بعد آنے والے ویک اینڈ پر سب سے زیادہ سفر کیا جاتا ہے۔
  • اسی وجہ سے سڑکوں اور ایئرپورٹس پر ہلچل اور بھیڑ بڑھ جاتی ہے۔

ویب ڈیسک — کرسمس اور سالِ نو کی آمد آمد ہے اور امریکہ میں اپنی فیملی اور دوستوں سے ملنے اور چھٹیاں گزارنے کے لیے کروڑوں افراد کے سفر کا موسم بھی آگیا ہے اور اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اس پر بڑے پیمانے پر سفر کرنے کے پرانے ریکارڈ ٹوٹنے والے ہیں۔

امریکہ کی آٹوموبیل ایسوسی ایشن (اے اے اے) نے پیش گوئی کی ہے کہ اس بار ہفتے سے نئے سال تک لگ بھگ 12 کروڑ افراد اپنے گھر سے کم از کم 80 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ یہ تعداد 2019 میں بننے والے ٹریولنگ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔

امریکہ میں کرسمس سے پہلے اور بعد آنے والے ویک اینڈ پر سب سے زیادہ سفر کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں اور ایئرپورٹس پر ہلچل اور بھیڑ بڑھ جاتی ہے۔

ٹریڈ گروپ ایئرلائنز فور امریکہ نے بھی اس بار ریکارڈ سفر کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ امریکہ کی ایئر لائنز پر جمعرات سے چھ جنوری کے دوران 19 دن کے دورانیے میں پانچ کروڑ چالیس لاکھ سے زائد مسافر سفر کریں گے۔

یہ تعداد گزشتہ برس فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد سے چھ فی صد زیادہ ہے۔

ایئرلائنز کے مطابق جمعے اور اتوار ان کے مصروف ترین دن ہوں گے اور 26، 27 اور 29 دسمبر کو بھی سب سے زیادہ تعداد میں مسافر فضائی سفر کریں گے۔

کرسمس اور نئے سال کے پہلے دن فلائٹ ٹریفک کم رہنے کا امکان ہے۔

آٹوموبیل ایسوسی ایشن کے مطابق چھٹیوں کے لیے اپنے گھر سے دور جانے والے 90 فی صد امریکی گاڑیوں پر سفر کریں گے۔

ایسوسی ایشن کی ترجمان آئیکسا ڈیاز کا کہنا ہے کہ ایئرلائن پر سفر میں اضافہ ہوا ہے البتہ زیادہ تر لوگ اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے ڈرائیو کرتے ہیں اور ایسا سبھی تعطیلات میں ہوتا ہے۔

اے اے اے کے مطابق امریکہ میں پیٹرول کی قیمتیں گزشتہ سال جتنی ہیں۔

جمعرات تک ملکی سطح پر فی لیٹر پیٹرول کی اوسط قیمت 0.99 ڈالر ہے جو ایک سال قبل کی ایک ڈالر فی لیٹر سے کم ہے۔ الیکٹرک کار کے لیے فی کلو واٹ فی گھنٹہ کی اوسط لاگت 35 سینٹ پڑتی ہے تاہم یہ ہر ریاست میں مختلف ہوسکتی ہے۔

ٹرانسپورٹیشن کی ڈیٹا فرم انرکس کے مطابق اتوار سے ہائی ویز پر ٹریولنگ ٹائم میں عام دنوں کے مقابلے میں 30 فی صد اضافہ متوقع ہے۔

بوسٹن، نیویارک سٹی، سیاٹل اور واشنگٹن ڈی سی جیسے میٹروپولیٹن علاقوں میں رش کی وجہ سے سفر کا دوارنیہ بڑھ جائے گا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایئرلائنز نے باقی سال کے مقابلے میں نومبر میں اپنے کرائے 4.7 فی صد بڑھا دیے تھے۔ البتہ 2025 کے لیے یہ خوش خبری ہے کہ بہار اور گرمی میں چھٹیوں سمیت فضائی سفر کے کرائے کم ہوجائیں گے۔

اس خبر کی تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply