پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ زراعت اور صنعت کی کارکردگی میں بہتری اور مالی سال 2024 میں ملکی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) میں 2.6 فیصد اضافے کی توقع ہے۔
اسلام آباد بزنس سمٹ 2024 میں “ترقی کے لیے تعاون” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور ترقی کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
ان کے بقول رواں برس افراطِ زر کی شرح 24 فی صد رہنے کا تخمینہ ہے جو کہ مالی سال 2023 میں 29.2 فی صد سے کم ہے۔ جب کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مالیاتی خسارہ پائیدار حدوں میں رہنے کا امکان ہے۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ رواں برس اہم فصلوں کی پیداوار غیر معمولی ہے۔ بہتر فصلوں کی وجہ سے صنعتی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ جولائی تا فروری مالی سال 2024 کے دوران زرعی قرضوں کی تقسیم میں 33.6 فی صد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور معاشرے کے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہےجب کہ حکومتی اقدامات کے باعث ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔