پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ؛ ‘شدت پسندوں کا طریقہ واردات بدل رہا ہے’

پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ؛ ‘شدت پسندوں کا طریقہ واردات بدل رہا ہے’ Leave a comment

  • ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی واپسی اور اس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے باعث شدت پسندوں کو پنپنے کا موقع ملا ہے۔
  • شدت پسندوں کے حملے زیادہ تر سیکیورٹی اداروں تک محدود تھے۔ لیکن اب وہ فوج کے ذیلی اداروں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں: تجزیہ کار عبدالباسط
  • پاکستانی حکومت ابتدا ہی سے اس مخمصے کا شکار رہی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کی جائے یا مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے: تجزیہ کار عبدالباسط
  • شدت پسند پاکستان اور افغانستان کے کشیدہ تعلقات کا فائدہ اُٹھا رہے ہیں: دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) سید نذیر احمد

پشاور — پاکستان میں شدت پسندی کے بڑھتے واقعات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان جیسے حساس اور شورش زدہ علاقوں میں امن و امان کی صورتِ حال پر پھر سوال اُٹھا دیے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں اور سرحدی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدت پسندوں کی آزادانہ نقل و حرکت ریاستی عمل داری کے لیے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی واپسی اور اس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے باعث شدت پسندوں کو پنپنے کا موقع ملا ہے۔

‘شدت پسند اپنی حکمتِ عملی تبدیل کر رہے ہیں’

سنگاپور میں شدت پسندی کے موضوع پر تحقیق کرنے والے محقق عبدالباسط کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے طریقہ واردات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برسوں میں شدت پسندوں کے حملے زیادہ تر سیکیورٹی اداروں تک محدود تھے۔

لیکن اب انہوں نے اپنی حکمتِ عملی میں واضح تبدیلی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان، بینک ڈکیتیوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نوکریاں چھوڑنے کی دھمکیوں جیسے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں پولیس، لیویز اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں کے اغوا کے واقعات اور پھر جرگوں کے ذریعے رہائی ایک معمول کی بات بنتی جا رہی ہے۔

حال ہی میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجو پاکستان اٹامک انرجی کے اہلکاروں کو بندوق کی نوک پر اغوا کر چکے ہیں۔

اس واقعے کے بعد مختلف عمائدین کی کوششوں سے ٹی ٹی پی کے ساتھ جرگے کی کئی نشستیں منعقد کی جا چکی ہیں، تاہم صورتِ حال بدستور تشویش ناک ہے۔

ریاستی رٹ کے لیے چیلنج

عبدالباسط کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے سابقہ قبائلی علاقوں میں پیٹرولنگ نے مقامی رہائشیوں کے خوف و ہراس کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے جو کہ ریاستی رٹ کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تمام عوامل شدت پسندوں کی بڑھتی ہوئی طاقت اور ان کے دائرہ کار کی وسعت کو ظاہر کرتے ہیں۔

ان کے مطابق پہلے ٹی ٹی پی کی کارروائیاں سابقہ قبائلی علاقوں تک محدود تھیں۔ لیکن اب انہوں نے جنوبی اضلاع کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ان علاقوں میں شدت پسند کھلے عام حکومتی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں جو سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

عبد الباسط خطے میں ٹی ٹی پی کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کو حکومت کی غیر واضح اور غیر مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

ان کے بقول شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمتِ عملی میں تسلسل اور وضاحت کا فقدان ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ وہاں کی مقامی آبادی کا حکومت اور ریاست پر بداعتمادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کا فائدہ اٹھا کر ٹی ٹی پی نے نہ صرف اپنی کارروائیاں بڑھا دی ہیں بلکہ نئے علاقوں تک اپنے اثر و رسوخ کو بھی بڑھا رہی ہے۔

آپریشن یا مذاکرات کا مخمصہ

عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت ابتدا ہی سے اس مخمصے کا شکار رہی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کی جائے یا مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے۔

اُن کے بقول موجودہ حالات میں اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان جاری کشمکش اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلافات نے صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدت پسند ان تمام اندرونی اختلافات کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کی وجہ سے ریاستی ادارے ایک مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

عبدالباسط کے مطابق ٹی ٹی پی اس وقت ایک مضبوط پوزیشن میں ہے کیوں کہ اسے طالبان حکومت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔

اُن کے بقول موجودہ حالات میں اگر مذاکرات کا راستہ اپنایا جاتا ہے تو ٹی ٹی پی فاٹا انضمام کو واپس لینے اور شریعت کے نفاذ جیسے سخت مطالبات کے ساتھ سامنے آئے گی۔

اُن کے بقول زمینی حالات اس قدر گھمبیر شکل اختیار کر چکے ہیں کہ محض فوجی آپریشن کےساتھ شدت پسندی کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکتا۔

عبدالباسط کے مطابق حکومت کو صرف آپریشنز پر انحصار کرنے کے بجائے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ٹی ٹی پی سے نمٹنے کے لیے ایران اور افغانستان کے ساتھ سفارتی سطح پر بھی کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشنز اپنی سرحدوں کے اندر تو مؤثر ہو سکتے ہیں، لیکن سرحد پار آپریشن صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں جیسا کہ حالیہ واقعات میں دیکھنے کو ملا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ٹھکانوں کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا۔ اگرچہ پاکستانی حکومت نے باضابطہ طور پر اس کارروائی کی تصدیق نہیں کی، تاہم دفتر خارجہ کی ترجمان نے اس بات کا عندیہ دیا کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے سرحدی علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو ہدف بناتا ہے۔

اس سے قبل پاکستان ایرانی سرحد کے اندر بھی مبینہ شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، کالعدم تنظیم نے 2024 میں مجموعی طور پر 1758 حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حالیہ دنوں میں ٹی ٹی پی نے ایک نیا بیان جاری کرتے ہوئے اپنی حکمتِ عملی میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے فوج کے ذیلی اداروں کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

‘گوریلا جنگوں کی نوعیت ہمیشہ طویل اور پیچیدہ ہوتی ہے’

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) سید نذیر احمد کا کہنا ہے کہ شدت پسند پاکستان اور افغانستان کے کشیدہ تعلقات کا فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں دو دہائیاں گزار چکا ہے، لیکن گوریلا جنگوں کی نوعیت ہمیشہ طویل اور پیچیدہ ہوتی ہے۔

تاہم وہ شدت پسندی کے خلاف جاری جنگ میں سست روی یا ناکامی کی بنیادی وجہ نیشنل ایکشن پلان کا مکمل طور پر نافذ نہ ہونا اور سیاسی چپقلش کو قرار دیتے ہیں۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع شدت پسندوں کی پناہ گاہ بنے ہوئے ہیں۔

اُن کے بقول صوبائی حکومت فوجی آپریشن کی اجازت نہیں دے رہی جب کہ مقامی افراد بھی آپریشن کے حق میں نہیں ہیں جس کی وجہ سے سیکیورٹی ادارے ایک محدود دائرے میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

بریگیڈیئر (ر) سید نذیر احمد کہتے ہیں کہ سیکیورٹی ادارے صرف انٹیلی جینس آپریشنز پر انحصار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان آپریشنز کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہو رہی ہیں جو صورتِ حال کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔

عبدالباسط کے مطابق ٹی ٹی پی کے مسئلے کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی تنازعات، مہاجرین کا مسئلہ اور ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ شخصیات جو طالبان حکومت کے قیام کے بعد ان مسائل کے حل کی امید لگائے بیٹھے تھے، وہ اس تاریخی پس منظر سے ناآشنا تھیں۔

عبدالباسط کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان کی افغانستان کے حوالے سے حکمتِ عملی محض ‘امید’ پر مبنی تھی۔

اُن کے بقول جب یہ امید ٹوٹ گئی تو پھر غصے میں بارڈر کی بندش، فضائی حملے، مہاجرین کی بے دخلی اور سرحدی تجارت پر سختی جیسے اقدامات اپنائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے اقدامات صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بناتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو بڑھا دیتے ہیں جس سے مسئلے کا حل مزید مشکل ہو جاتا ہے۔

عبدالباسط کے مطابق پاکستان کو شدت پسندی کے خاتمے کے لیے ایک طویل مدتی حکمتِ عملی اپنانا ہو گی۔

ان کے بقول اس حکمتِ عملی میں نہ صرف انٹیلی جینس کی بنیاد پر آپریشنز شامل ہوں بلکہ شدت پسندوں کے مالی نیٹ ورک کو بھی ختم کرنا ہوگا، ان کی بھرتیوں کو روکنا ہوگا۔

عبدالباسط کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے کو مؤثر طریقے سے ختم کرنا ہوگا تب ہی خطے میں شدت پسندی کو قابو کرنے میں مدد ملے گی اور اس مسئلے کا حل ممکن ہو سکے گا۔



Supply hyperlink

Leave a Reply