|
ویب ڈیسک — پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں کا کہنا کہ ہفتے سے شروع ہونے والی سہ فریقی سیریز کے درمیان دونوں ٹیموں کا میچ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ڈریس ریہرسل ہو گا۔
جمعے کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ـ”ہمارے پاس بہترین کھلاڑی ہیں اور یہ سیریز چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے مددگار ثابت ہو گی۔”
لیکن ساتھ ہی محمد رضوان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کے موجود نہ ہونے سے ٹیم کمبی نیشن متاثر ہوا ہے۔ تاہم کوشش ہو گی کہ بہترین کھلاڑی میدان میں اُتاریں۔
خیال رہے کہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی سیریز کھلیں گے جس میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہو گا۔ یہ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کپتان محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ون ڈے فارمیٹ میں اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کی ون ڈے فارمیٹ میں کارکردگی قدرے بہتر رہی ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کو اُن کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی تھی۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو دو، ایک جب کہ جنوبی افریقہ کو تین، صفر سے شکست دی تھی۔
گزشتہ برس نیوزی لینڈ کی ون ڈے کپتانی حاصل کرنے والے مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے اچھی تیاری ہو گی کہ کیوں کہ پاکستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں ہمیں اسی طرح کی کنڈیشنز ملیں گی۔
مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑی بھی ہیں جو اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ رپورٹ اے ایف پی سے لی گئی ہے۔