|
ویب ڈیسک — امریکہ کی معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ‘دی ایراز ٹوور’ کانسرٹ کی تصاویر اور تفصیلات پر مبنی کتاب کی ریکارڈ کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔
‘ٹیلر سوئفٹ کی کتاب امریکہ کے معروف ریٹیل اسٹور چین ‘ٹارگٹ’ پر بلیک فرائی ڈے کے موقع پر لانچ کی گئی تھی۔
امریکی مارکیٹ ریسرچ کمپنی ‘سرکانہ’ کے مطابق تھینکس گیونگ ہالی ڈے کے ویک اینڈ پر کتاب کی آٹھ لاکھ 14 ہزار کے قریب کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔
کتاب کو صرف ٹارگٹ پر ہی فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق بعض صارفین نے شکایت بھی درج کی ہے کہ 39.99 ڈالرز (لگ بھگ 11 ہزار پاکستانی روپے) کی کتاب میں ٹائیپوز اور کچھ غلطیاں بھی ہیں۔
اس سے قبل سال 2020 میں امریکہ کے سابق صدر براک اوباما کی کتاب کی ایک ہفتے میں ریکارڈ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔ براک اوباما کی کتاب میں ان کے دورِ صدارت کی یادیں تھیں۔
‘سرکانہ’ کے مطابق ایک ہفتے میں براک اوباما کی کتاب کی آٹھ لاکھ 16 ہزار کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔ اس تعداد میں ای بُک اور آڈیو بُک کی سیلز کا ڈیٹا شامل نہیں تھا۔
البتہ براک اوباما کی یادگار امریکہ کے نمایاں ریٹیل آؤٹ لیٹس پر فروخت کے لیے پیش کی گئی تھی۔
ٹیلر سوئفٹ کا دی ایراز ٹور کیا ہے؟
‘دی ایراز ٹور’ مارچ 2023 میں شروع ہونے والا گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا کانسرٹ ٹوور تھا۔ یہ ٹوور اب بھی جاری ہے جس نے خوب مقبولیت حاصل کی ہے۔
کانسرٹ ٹوور کا آغاز مارچ 2023 میں ہوا تھا جس کے دسمبر 2024 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
ٹیلر سوئفٹ نے ‘دی ایراز ٹور’ میں پانچ برِ اعظموں میں 149 شوز کیے ہیں جس نے کُل ایک ارب ڈالرز کا ریونیو جمع ہوا ہے۔
اس ہی کانسرٹ ٹور پر 2023 میں فلم بھی ریلیز کی گئی تھی جس نے باکس آفس پر لگ بھگ 20 کروڑ امریکی ڈالرز کمائے تھے۔
یہ وہ پہلی کانسرٹ فلم ہے جس نے باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔
‘ٹیلر سوئفٹ: دی ایراز ٹور فلم’ میں ان کے کانسرٹ کی پرفارمنسز کو ہی دکھایا گیا تھا۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔