ٹرمپ حکومت کی تشکیل؛ زراعت اور خزانہ کی وزارتوں کے لیے ناموں کا اعلان

ٹرمپ حکومت کی تشکیل؛ زراعت اور خزانہ کی وزارتوں کے لیے ناموں کا اعلان Leave a comment

  • منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زراعت اور خزانہ کے وزرا کی نامزدگی کے اعلانات کیے ہیں۔
  • زراعت کے لیے بروک رولنز کو نامزد کیا گیا ہے۔
  • بروک رولنز ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ڈومیسٹک پالیسی کونسل کی سربراہ رہی ہیں۔
  • ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکاٹ بیسینٹ کو وزیرِ خزانہ مقرر کیا ہے۔
  • بیسیٹ ایک بڑے سرمایہ کار ہیں اور انہیں ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں کا بھرپور حامی تصور کیا جاتا ہے۔

ویب ڈیسک — امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی سی ای او اور صدر بروک رولنز کو وزیرِ زراعت نامزد کر دیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بطور وزیرِ زراعت بروک امریکی کاشت کاروں اور کسانوں کے تحفظ کے لیے کوششوں کی قیادت کریں گی جو ہمارے ملک کی ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اگر سینیٹ سے رولنز کی نامزدگی کی توثیق ہوجاتی ہے تو وہ ایک لاکھ افراد کے عملے پر مشتمل ایسے محکمے کی سربراہ ہوں گی جس کا امریکہ کی ہر کاؤنٹی میں دفتر ہے۔

نیوٹریشن پروگرامز، جنگلات، زراعت کے لیے قرضوں کی فراہمی، غذائی تحفظ، دیہی ترقی، زرعی تحقیق اور تجارت سمیت مختلف شعبے اس محکمے کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ 2024 میں اس کا بجٹ 437 ارب ڈالر سے زائد تھا۔

بروک رولنز۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بروک امریکی کاشت کاروں کی مدد، خوراک میں امریکہ کی خودکفالت اور زراعت پر انحصار کرنے والے چھوٹے قصبوں کی بحالی جیسے مقاصد سے بے مثال وابستگی رکھتی ہیں۔

بروک رولنز اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ڈومیسٹک پالیسی کونسل کی سربراہ بھی رہی ہیں۔

وہ امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ نامی دائیں بازو کے تھنک ٹینک کی سربراہ ہیں۔

اس تھنک ٹینک سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے پالیسی سازی کے لیے ٹرمپ کیمپین کے ساتھ کام کیا تھا۔

وزیرِ خزانہ کا اعلان

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کی شب اسکاٹ بیسینٹ کو وزیرِ خزانہ نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

بیسینٹ سرمایہ کاری کے شعبے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اگر اسکاٹ بیسیٹ کے نام کی توثیق ہوجاتی ہے تو وہ امریکہ کی تاریخ کے پہلے ہم جنس پرست وزیرِ خزانہ ہوں گے۔

اسکاٹ بیسینٹ

بیسینٹ ایک ارب پتی ہیں۔ پہلے وہ ڈیموکریٹس کی حمایت کرتے تھے۔ لیکن بعد میں ٹرمپ کے بھرپور حامی ہوگئے۔

وہ ٹرمپ کے ٹیکس کٹوتیوں کے منصوبوں اور چین پر ٹیرف کے نفاذ کے بھر پور حامی ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسکاٹ کو دنیا کے بڑے سرمایہ کاروں اور جیوپولیٹیکل اور اکنامک اسٹریٹجسٹ کے طور پر احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اس رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply