ٹرمپ اور کاملا کی پہلے صدارتی مباحثے میں ایک دوسرے پر کڑی تنقید

ٹرمپ اور کاملا کی پہلے صدارتی مباحثے میں ایک دوسرے پر کڑی تنقید Leave a comment

  • امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کاملا ہیرس کے درمیان پہلے صدارتی مباحثے کی میزبانی نشریاتی ادارے ‘اے بی سی’ نیوز نے کی۔
  • دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے پر کڑی تنقید کی اور کئی امور سے متعلق سوالات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
  • ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ہونے والا صدارتی مباحثہ نوے منٹ پر محیط تھا۔
  • مباحثے کے آغاز پر ڈیموکریٹک امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیرس نے آگے بڑھ کر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہاتھ ملایا۔

ویب ڈیسک – امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کاملا ہیرس کے درمیان پہلے صدارتی مباحثے کے دوران دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے پر کڑی تنقید کی اور مقامی و بین الاقوامی امور سے متعلق سوالات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ‘اے بی سی’ نیوز نے ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں صدارتی مباحثے کی میزبانی کی۔ نوے منٹ پر محیط اس مباحثے کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد نے دیکھا۔

امریکہ میں پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے کاملا ہیرس ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیں جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری بار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

مباحثے کے آغاز پر جب دونوں امیدوار نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ کے اسٹیج پر آئے تو نائب صدر کاملا ہیرس نے آگے بڑھ کر سابق صدر ٹرمپ سے ہاتھ ملایا۔ اس موقع پر ڈیموکریٹک امیدوار نے ری پبلکن رہنما کو اپنا تعارف کرایا۔ واضح رہے کہ یہ ان دونوں کی پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں صدارتی امیدوار بدھ کو براہِ راست مباحثے میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئے۔ صدارتی انتخاب سے قبل ان کا یہ واحد مباحثہ تھا۔

مباحثے میں صدارتی امیدواروں نے امریکہ کی معیشت، یوکرین جنگ، افغانستان سے انخلا سمیت میزبانوں کی جانب سے پوچھے گئے کئی دیگر سوالات کے جوابات دیے۔

افغانستان سے انخلا

افغانستان سے فوجی انخلا سے متعلق سوال پر کاملا ہیرس نے سابق صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے دہشت گرد افغان طالبان کے ساتھ ایک کمزور معاہدہ کیا تھا۔

ٹرمپ نے افغانستان سے انخلا کے سوال پر کہا کہ افغانستان میں طالبان ہمارے اہلکاروں کو قتل کر رہے تھے اور جب ہم نے ان کے ساتھ مذاکرات کیے تو 18 ماہ کے دوران کسی اہلکار کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

مستقبل کی پالیسی

نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا کہ وہ اپنی توجہ مستقبل پر مرکوز رکھنا چاہتی ہیں۔ لیکن ٹرمپ ماضی میں ہی پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے پاس متوسط طبقے کی مدد کے لیے منصوبہ ہے۔

ٹرمپ نے ہیرس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاملا صدارتی آفس میں ہیں تو انہوں نے اپنے منصوبے پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے اسی بات کو پھر دہرایا کہ کاملا نے منصوبے پر عمل کیوں نہیں کیا؟

نوٹ: اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔



Supply hyperlink

Leave a Reply