|
ویب ڈیسک — امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ شدت اختیار کر گئی ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق لاس اینجلس کے رہائشی علاقے پیسیفک پیلیسیڈ میں منگل کی صبح تقریباً ساڑھے دس بجے آگ لگی جو تیز ہوا کے سبب تیزی سے پھیلتی گئی اور اس نے تقریباً تین ہزار ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقے میں تقریباً 30 ہزار افراد کو نقل مکانی کے احکامات جاری کر دیے ہیں جب کہ 13 ہزار گھروں کو خطرات لاحق ہیں۔
نقل مکانی کے احکامات کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے محفوظ مقامات کا رخ کر لیا ہے۔ اس دوران سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جب کہ کئی لوگوں کو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل علاقہ خالی کرنا پڑا ہے۔
حکام کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا پتا نہیں لگ سکا اور اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات بھی نہیں ہیں۔
کیلی فورنیا کے جنوبی علاقوں میں حالیہ خشک ہواؤں کی وجہ سے اوسط درجۂ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس سیزن میں بارشیں بھی بہت کم ہوئی ہیں۔ مئی سے اب تک جنوبی کیلی فورنیا میں صفر اعشاریہ دو پانچ سینٹی میٹر سے بھی کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے منگل کو ہی لاس اینجلس میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے علاقے میں بعض نہیں بلکہ کئی مکانات تباہ دیکھے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے بدھ کی صبح پانچ بجے تک بدترین صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میئر آفس کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے منگل کی شام تک 28 ہزار سے زائد مکانات کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی تھی جب کہ لگ بھگ پانچ لاکھ آبادی کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو سکتی ہے۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اور ان کی انتظامیہ ریاستی و مقامی حکام سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے وفاق کی جانب سے ہرممکن مدد کی پیش کش کی ہے۔
آگ سے متاثرہ علاقے میں کئی سیلبریٹیز بھی رہائش پذیر ہیں جو تیزی سے پھیلنے والی آگ کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر رہی ہیں۔
اداکار جیمز ووڈ کی جانب سے پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں جھاڑیوں اور ان کے گھر کے قریب پہاڑی پر ناریل کے درختوں میں سلگتی آگ دیکھی جا سکتی ہے۔
ووڈ نے ایک مختصر ویڈیو میں کہا کہ وہ نقل مکانی کی تیاری کر رہے ہیں۔
اسی طرح پیسیفک پیلیسیڈ میں رہائش پذیر اداکار اسٹیو گٹنبرگ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ جو لوگ اپنی گاڑیاں نہیں لے جا سکتے وہ گاڑیوں کی چابیاں وہیں چھوڑ جائیں تا کہ انہیں ہٹا کر آگ بجھانے کے لیے آنے والی گاڑیوں کا راستہ بنایا جا سکے۔