شہری حقوق کے مقتول رہنما مارٹن لوتھر کنگ کے بیٹےڈیکسٹر اسکاٹ کنگ انتقال کر گئے Leave a comment


ڈیکسٹر اسکاٹ کنگ ،ریورینڈ مارٹن لوتھر کنگ جونئیر اور کوریٹااسکاٹ کنگ کے چھوٹے بیٹے ،پروسٹیٹ کینسر کے خلا ف جدوجہد کے بعد پیر کے روز انتقال کر گئے۔

اٹلانٹا میں قائم کنگ سنٹر نے، جس کے وہ چئیر مین تھے، کہا ہے کہ 62 سالہ ڈیکسٹر اسکاٹ کنگ کا کیلی فورنیا کے علاقے میلیبو میں اپنے گھر میں انتقال ہوا۔

ان کی اہلیہ لیہ ویبر کنگ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا انتقال نیند کی حالت میں پر سکون طریقے سے ہوا۔

مارٹن لوتھر کنگ جونئیر کے چار بچوں میں سے تیسرے نمبر کے ڈیکسٹر کنگ کو منٹگمری، الاباما کے ڈیکسٹر ایونیو بیپٹسٹ چرچ کے لیے نامزد کیا گیا تھا جہاں ان کے والد اس وقت ایک پادری کے طور پر خدمات انجام دیتے تھےجب 1955 میں منٹگمری بس بائیکاٹ میں روزا پارکس کی گرفتاری کے سلسلے میں انہیں قومی شہرت ملی ۔

ڈیکسٹر کنگ کی عمر اس وقت صرف سات برس تھی جب ان کے والد کو اپریل 1968 میں میفیس ٹینیسی میں قتل کر دیا گیا تھا۔ڈیکسٹر کنگ نے 2004 میں اپنی یاد داشتوں میں اپنے والد کے قتل کو اپنے فکروں سے آذاد بچپن کے خاتمے کے طور پر یاد کیا تھا۔

مارٹن لوتھر کنگ جونئیر 17 مارچ 1963 میں جارجیا اٹلانٹا کےاپنے گھر میں اپنی اہلیہ، کوریٹا اسکاٹ کنگ اور اپنے چار میں سے تین بچوں کے ساتھ فائل فوٹو

مارٹن لوتھر کنگ جونئیر 17 مارچ 1963 میں جارجیا اٹلانٹا کےاپنے گھر میں اپنی اہلیہ، کوریٹا اسکاٹ کنگ اور اپنے چار میں سے تین بچوں کے ساتھ فائل فوٹو

تعلیم کے حصول کے بعد ڈیکسٹر کنگ ایک اٹارنی بن گئے اور انہوں نے اپنی توجہ اپنے والد کی میراث اور کنگ خاندان کے دانشورانہ ورثے کے فروغ پر مرکوز کی ۔ کنگ سنٹر کے چئیر مین کے طور پر فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ وہ کنگ اسٹیٹ کے صدر بھی تھے ۔

اپنے کام کے علا وہ ڈیکسٹر کنگ اپنے والد سے بے انتہا مشابہت کی وجہ سے بھی مشہور تھے ۔ ان دونوں کی شکل اتنی زیادہ ملتی تھی کہ ڈیکسٹر نے 2002 میں روزا پارکس کے بارے میں ایک ٹی وی فلم میں اپنے مشہور والد کی تصویر کشی کی تھی۔

کوریٹا کنگ کا انتقال 2006 میں ہو اتھا جب کہ 2007 میں کنگ جونیئر کی سب سے بڑی بیٹی یولاندا کنگ وفات پا گئی تھیں۔

ریورینڈ برنیس، کنگ کی چار میں سے سب سے چھوٹی بیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ،”اپنے بہن بھائیوں میں سے ایک اور کو کھوکر میں جس قدر صدمہ محسوس کر رہی ہوں الفاظ اسے بیان کرنے سے قاصر ہیں۔”

کنگ کے سب سے بڑے بیٹے مارٹن لوتھر کنگ تھری نے کہا،” یہ اچانک صدمہ انتہائی پریشان کن ہے ۔ اس طرح کے لمحے میں صحیح الفاظ کہنا مشکل ہوتا ہے ۔ ہم اس وقت پوری کنگ فیملی کےلیے آپ کی دعاؤں کے طلبگار ہیں۔”

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیاہے۔



Supply hyperlink

Leave a Reply