برطانیہ کے شاہ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص کے بعد ان کا علاج جاری ہے۔ وہ اب بھی برطانیہ کے بادشاہ اور ریاست کے سربراہ ہیں۔
بکنگھم پیلس کے مطابق 75 سالہ بادشاہ چارلس میں کینسر کی ایک قسم کی تشخیص ہوئی ہے لیکن یہ پروسٹیٹ کینسر نہیں ہے۔
شاہی محل سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بادشاہ چارلس اپنی عوامی مصروفیات ملتوی کر دیں گے اور ان کی جگہ شاہی خاندان کی سینیئر شخصیات تقریبات میں شریک ہوں گی۔
برطانیہ میں ریاست کے سربراہ کے سرکاری ذمہ داریاں ادا نہ کرنے کے قابل رہنے کی صورت میں ایک آئینی طریقۂ کار موجود ہے جس کے تحت ‘ریاستی مشیران’ کا تقرر کیا جا سکتا ہے جو شاہ کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔
یہاں برطانوی شاہی خاندان کی جانشینی کی ترتیب بیان کی جا رہی ہے۔
01 – شہزادہ ولیم
شہزادہ ولیم شاہ چارلس اور آںجہانی لیڈی ڈیانا کے سب سے بڑے بیٹے ہیں جنہیں پرنسز آف ویلز کا خطاب دیا جاتا ہے۔ شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کو بھی پرنسز آف ویلز کہا جاتا ہے۔
شہزادہ ولیم کے بعد جانشینی میں ان کے تینوں بچوں کا نمبر آتا ہے۔
02 – پرنس جارج
پرنس جارج شہزادہ ولیم کے سب سے بڑے بیٹے ہیں جن کی پیدائش جولائی 2013 میں ہوئی تھی اور اس وقت ان کی عمر 10 برس ہے۔
انہیں برطانوی شاہی خاندان کی روایات کے مطابق پرنس جارج آف کیمرج پکارا جاتا ہے۔
03 – پرنسز شارلٹ
برطانوی شاہی خاندان میں پرنس ولیم کی بیٹی پرنسز شارلٹ کا جانشینی کی ترتیب میں تیسرا نمبر ہے اور انہیں پرنسز شارلٹ آف کیمرج کہا جاتا ہے۔
پرنسز شارلٹ مئی 2015 میں پیدا ہوئی تھیں اور اس وقت ان کی عمر آٹھ برس ہے۔
04 – پرنس لوئس
شہزادہ ولیم کے سب سے چھوٹے بیٹے پرنس لوئس آف کیمرج کی پیدائش اپریل 2018 میں ہوئی تھی۔
05 – شہزادہ ہیری
شاہ چارلس اور آںجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری برطانیہ کے شاہی خاندان کی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔
البتہ اب بھی وہ تخت نشینی کی دوڑ میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
06 – آرچی ماؤنٹ بیٹن ونزر
آرچی ماؤنٹ بیٹن شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ ڈچز آف سسکیس میگھن مارکل کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔
آرچی کی پیدائش مئی 2019 میں ہوئی تھی۔
07 – لیلی بیٹ ماؤنٹ بیٹن ونزر
لیلی بیٹ شہزادہ ہیری اور میگن مارکل کی بیٹی ہیں جن کی پیدائش جون 2021 میں ہوئی تھی۔
08 – پرنس اینڈریو
پرنس اینڈریو آںجہانی ملکہ الزبتھ اور پرنس فلپ کے دوسرے بیٹے ہیں۔ وہ برطانیہ کے موجودہ بادشاہ چارلس سوم سے لگ بھگ 11 برس چھوٹے ہیں۔
09 – پرنسز بیاٹرس
پرنسز بیاٹرس پرنس اینڈریو کی بیٹی ہیں۔ وہ جانشینی کی فہرست میں نویں نمبر پر ہیں۔ ان کی شادی 2020 میں ایدورادو ماپیلی سے ہوئی تھی۔
10 – سیانا الزبتھ
سیانا الزبتھ پرنسز بیاٹرس اوت ایدورادو کی بیٹی ہیں۔ ان کی پیدائش ستمبر 2021 میں ہوئی تھی۔
11- پرنسز یوژینی
پرنسز یوژینی پرنس اینڈریو کی دوسری بیٹی ہیں۔ ان کی عمر لگ بھگ 33 برس ہے۔ ان کی شادی جیمز بروکزبینک سے 2018 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔
12 – اگست بروکزبینک
اگست بروکزبینک پرنسز یوژینی اور جیمز بروکزبینک کے بڑے بیٹے ہیں جن کی پیدائش فروری 2021 میں ہوئی ہے۔
13 – ارنسٹ بروکزبینک
پرنسز یوژینی اور جیمز بروکزبینک کے دوسرے بیٹے کا نام ارنسٹ بروکزبینک ہے جو جانشینی کی فہرست میں 13ویں نمبر پر ہے۔
آرنسٹ کی پیدائش گزشتہ برس مئی 2023 میں ہوئی تھی۔
14 – پرنس ایڈورڈ
پرنس ایڈورڈ ملکہ الزبتھ اور شہزادہ فلپ کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں۔ ان کی عمر اس وقت لگ بھی 59 برس ہے۔
15 – جیمز
جیمز، پرنس ایڈورڈ کے بیٹے ہیں جن کی پیدائش 2007 میں ہوئی تھی۔ وہ برطانیہ کے بادشاہ کی جانشینی میں 15ویں نمبر پر آتے ہیں۔