یونان کے معروف سیاحتی مقام سینتورینی میں تاحال زلزلے کے جھٹکے جاری ہیں جس کی وجہ سے سیاح یہاں کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ سینتورینی کے ہوٹلز جو عام طور پر سیاحوں سے بھرے نظر آتے ہیں اب ویران ہیں۔ زلزلے کے جھٹکوں کا یہ سلسلہ فروری کے آغاز سے شروع ہوا تھا۔ حکام نے متاثرہ جزیرے میں ہنگامی حالات نافذ کر رکھے ہیں جب کہ ہزاروں افراد خوف کے سبب علاقے سے جا چکے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکوں کے سبب سینتورینی میں اب تک کوئی بڑا نقصان تو نہیں ہوا ہے لیکن حکام نے احتیاط کے پیشِ نظر اسکولز بند کر رکھے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلوں کی شدت اور تعداد بتدریج کم ہو رہی ہے لیکن یہ اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے کہ یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔ حکام کے مطابق سینتورینی کے فعال آتش فشاں کے پھٹنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔