ساجد اور ابرار کے بالنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز ڈھیر

ساجد اور ابرار کے بالنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز ڈھیر Leave a comment

  • ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی سب ہی وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے حاصل کیں۔
  • ساجد خان اور ابرار نے بالترتیب پانچ اور چار وکٹیں لے کر ٹیم کو کامیابی سے ہم کنار کیا۔
  • ملتان میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے آٹھ سیشنز بھی مکمل نہیں ہوسکے۔
  • میچ میں دونوں جانب اسپنرز نے سب سے زیادہ شکار کیے۔

ویب ڈیسک — پاکستان کے اسپنرز ساجد خان اور ابرار احمد نے ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لائن اپ کو ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ڈھیر کر دیا ہے اور میچ کے تیسرے روز 127 رنز سے اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کر دیا ہے۔

اتوار کو ملتان میں جاری ٹیسٹ میچ میں ساجد خان نے 50 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور ابرار احمد نے 27 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 251 کے ہدف کے تعاقب میں 123رنز ہی بنا سکی اور پانچ روزہ میچ کے تیسرے ہی دن پاکستان نے 127 رنز کی برتری سے پہلا ٹیسٹ میچ اپنے نام کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں تمام وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے حاصل کیں۔

ساجد اور ابرار کی بالترتیب پانچ اور چار وکٹوں کے ساتھ باقی ایک وکٹ بھی اسپنر نعمان علی نے حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے بائیں بازو کے بیٹر ایلک ایتھانیز نے اننگز کی واحد نصف سینچری اسکور کی اور 55 رنز کا مجموعی اسکور بنا کر ساجد خان کا شکار ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسپن اٹیک کو لیڈ کرنے والے جومیل واریکن سب سے کامیاب بالر رہے اور انہوں نے 32 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کرکے اپنے کرئیر کی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 157 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔

پاکستانی کپتان شان مسعود نے اپنے اسپنرز کی کارکردگی کو سراہا تاہم ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

ادھر مقابل کپتان کریگ بریتھویٹ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔

ملتان میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ آٹھ سیشنز مکمل ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگیا۔ میچ کا پہلا سیشن دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا تھا۔

اسپنر ابرار احمد۔ (فائل فوٹو)

ملتان کی وکٹ میں موجود شارپ ٹرن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساجد خان نے مقابل ٹیم کے کپتان برتھویٹ سمیت چار دیگر کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نعمان نے کھانے کے وقفے سے پہلے جسٹن گریوس کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد مہمان ٹیم کا اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 54 رنز تھا۔

اس سے قبل پاکستانی بیٹرز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں صرف 48 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔

دوسری اننگز میں جومیل واریکن نے سب سے زیادہ پاکستانی بیٹرز کو شکار کیا اور 32 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا ٹیسٹ میچ ملتان ہی میں 25 جنوری کو شروع ہوگا۔

اس خبر کی تفصیلات اے ایف پی سے لی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply