راجستھان رائلز کا حصہ بننے والا 13 سالہ بلے باز توجہ کا مرکز

راجستھان رائلز کا حصہ بننے والا 13 سالہ بلے باز توجہ کا مرکز Leave a comment

  • ویبھو سوریاونشی کا تعلق بھارت کی ریاست بہار سے ہے۔
  • آئی پی ایل کی فرنچائز راجستھان رائلز نے انہیں ایک کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں پک کیا ہے۔
  • سوریاونشی کی بولی کی بنیادی قیمت 30 لاکھ روپے سے شروع ہوئی تھی۔
  • سوریاونسی اس وقت خبروں میں آئے تھے جب انہوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف 58 گیندوں پر 104 رنز اسکور کیے تھے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے لیے حال ہی میں ہونے والی نیلامی میں ایک کھلاڑی جس نے خاص توجہ حاصل کی وہ 13 سالہ ویبھو سوریاونشی تھے جو بھارت کی شمالی ریاست بہار سے تعلق رکھتے ہیں۔

آئی پی ایل میں شامل ٹیم راجستھان رائلز نے اگلے ایڈیشن میں سوریاونشی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر (ایک کروڑ 10 لاکھ بھارتی جب کہ ساڑھے تین کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی ادائیگی کی ہے۔

اس پک کے ساتھ ہی وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں منتخب ہونے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔

سوریاونشی کی بولی کی بنیادی قیمت 35 ہزار 500 ڈالر یعنی 30 لاکھ بھارتی روپے سے شروع ہوئی تھی اور آئی پی ایل میں شامل دہلی کیپیٹلز نے بھی ان میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ البتہ راجستھان رائلز نے انہیں پک کیا۔

تیرہ سالہ وےبھوو سوریاونسی اس وقت خبروں میں آئے تھے جب انہوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف 58 گیندوں پر 104 رنز اسکور کیے تھے۔

سوریاونشی نے 13 سال 187 دن کی عمر میں سینچری اسکور کر کے بنگلہ دیش کے موجودہ ٹیسٹ کپتان نجم الحسین شانتو کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

شانتو نے 14 سال 241 دنوں میں یوتھ لیول پر سینچری اسکور کی تھی۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق راجستھان رائلز کے سی ای او جیک لش میکرم نے پیر کو نیلامی ختم ہونے کے بعد سوریاونشی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناگپور میں ہمارے ہائی پرفارمنس سینٹر میں تھے جہاں انہوں نے ٹرائلز کیے اور ہمارے کوچنگ سیٹ اپ کو متاثر کیا۔

واضح رہے کہ اس فرنچائز کے کوچنگ پینل میں بھارت کے سابق کپتان راہل ڈریوڈ بھی شامل ہیں۔

میکرم کے بقول ان میں ایک ناقابلِ یقین ٹیلنٹ ہے اور آپ کے پاس اعتماد ہونا چاہیے تاکہ وہ آئی پی ایل کی سطح تک جا سکیں۔

سی ای او نے سوریاونشی کو ٹیلنٹ سے بھرپور قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی آئی پی ایل کے آغاز سے قبل آنے والے مہینوں میں بہت سے کام ہو جائیں گے۔

آئی پی ایل کے اگلے سیزن کا آغاز 14 مارچ 2025 سے ہوگا جہاں 10 ٹیمیں مدِ مقابل آئیں گی۔

سوریاونشی ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بیٹر برائن لارا کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں اور وہ اکثر بھارت کے سابق بیٹر وسیم جعفر سے ٹپس حاصل کرتے ہیں۔ سوریا ونشی کی وسیم جعفر سے ملاقات گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ایک انڈر 19 ٹورنامنٹ کے دوران ہوئی تھی۔

13 سالہ سوریاونشی کے والد سنجیو، ان کے کوچ ہیں اور جب سے ان کے بیٹے نے چھوٹی عمر سے کھیل میں دلچسپی ظاہر کی تھی تو وہ ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو میں کہا کہ “وہ اب صرف میرا بیٹا نہیں بلکہ پورے بہار کا بیٹا ہے۔ میرے بیٹے نے بہت محنت کی ہے۔”

واضح رہے کہ آئی پی ایل میں باضابطہ طور پر کم از کم عمر کی کوئی شرط نہیں ہے۔ لیکن سال 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لیے کھلاڑیوں کی کم از کم عمر 15 سال مقرر کی تھی۔

تاہم اس وقت یہ بھی کہا گیا تھا کہ کرکٹ بورڈ 15 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کو اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے لیے اجازت دینے کی درخواست کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل آئی پی ایل کا کانٹریکٹ پانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی پریاس رے برمن تھے۔

انہیں سال 2019 میں 16 سال کی عمر میں رائل چیلنجرز بینگلورو نے تقریباً دو لاکھ ڈالر میں پک کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستانی بیٹر حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر ٹیسٹ ڈیبیو کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 1996 میں 14 سال 227 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply