بھارت میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز Leave a comment


  • بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے لیے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا آغاز
  • الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کے 102 حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
  • بھارت میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے۔
  • لوک سبھا کی کل نشستوں کی تعداد 543 ہے جن پر کامیاب ہونے والے ارکان آئندہ پانچ سال کے لیے منتخب ہوں گے۔
  • لوک سبھا کی 543 میں سے 272 نشستیں جیتنے والی سیاسی جماعت نئی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

بھارت میں عام انتخابات کے لیے پہلے مرحلے میں جمعے سے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

بھارت میں سات مراحل میں انتخابات ہوں گے۔ جمعے کو پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کے 102 حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

جن ریاستوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ان میں اتر پردیش، تمل ناڈو، اتراکھنڈ، منی پور، میگھالیہ، آسام، مہاراشٹر، راجستھان، مغربی بنگال اور نئی دہلی کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے حلقے شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے۔ ایوانِ زیریں (لوک سبھا) کی کل نشستوں کی تعداد 543 ہے جن پر کامیاب ہونے والے ارکان آئندہ پانچ سال کے لیے منتخب ہوں گے۔

لوک سبھا کے انتخابات میں 272 نشستیں جیتنے والی سیاسی جماعت نئی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی مسلسل تیسری بار اقتدار میں آنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور حلیف جماعتوں کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے لیے 400 سے زائد سیٹوں پر کامیابی کا ہدف مقرر کیا ہے۔

دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد انڈین نیشنل ڈویلپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) میں شامل جماعتیں اپنی کھوئی ہوئی سیاسی زمین کی تلاش اور بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply