بچے میں برڈ فلو کے پہلے کیس کی تصدیق

بچے میں برڈ فلو کے پہلے کیس کی تصدیق Leave a comment

  • برڈ فلو سے متاثرہ بچے کا تعلق امریکی ریاست کیلی فورنیا سے ہے۔
  • بچے کو معمولی علامات تھیں اور اس کا علاج اینٹی وائرل ادویات سے کیا گیا: سی ڈی سی
  • بچہ المیڈا کاؤنٹی میں رہتا ہے اور ڈے کیئر جاتا ہے: ریاستی حکام
  • حالیہ انفیکشن کے بعد امریکہ میں رواں سال برڈ فلو کے کیسز کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔

ویب ڈیسک _ امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک بچے میں صحت حکام نے برڈ فلو کی تصدیق کی ہے۔ یہ امریکہ میں کسی بچے میں رپورٹ ہونے والا پہلا کیس ہے۔

امریکہ میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے ادارے (سی ڈی سی) نے جمعے کو بچے کے ٹیسٹوں سے متعلق بتایا کہ بچے کو معمولی علامات تھیں اور اس کا علاج اینٹی وائرل ادویات سے کیا گیا تھا جس کے بعد بچہ اب صحت یاب ہو رہا ہے۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ بچہ المیڈا کاؤنٹی میں رہتا ہے اور ڈے کیئر جاتا ہے۔ حکام نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ حالیہ انفیکشن کے بعد امریکہ میں رواں سال برڈ فلو کے کیسز کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔ ان کیسز میں سے کیلی فورنیا میں 29 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

متاثر ہونے والے زیادہ تر افراد فارم ورکرز تھے جنہیں معمولی علامات تھیں اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکہ میں گزشتہ چند برسوں سے H5N1 برڈ فلو جنگلی پرندوں، مرغیوں اور کئی دوسرے جانوروں میں بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔

صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ثبوت نہیں ملے کہ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے کے درمیان پھیلتا ہے۔

امریکہ میں مارچ میں مویشیوں میں فرڈ فلو کے پھیلنے کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد کیلی فورنیا اس کا مرکز بن گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہ یہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ بچہ برڈ فلو سے کس طرح متاثر ہوا ہے۔

کیلی فورنیا کے صحت حکام نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ بچے کے ممکنہ طور پر جنگلی پرندوں سے رابطے کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب ایسا ثبوت نہیں ملا ہے کہ برڈ فلو بچے سے دیگر لوگوں میں پھیلا ہے۔ متاثرہ بچے کے گھر کے لوگوں میں بھی اسی طرح علامات تھیں۔ لیکن ان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply