پنجاب میں سینیٹ کی پانچ نشستوں پر انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے جب کہ سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔
سینیٹ کے لیے خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی دو، دو جب کہ اقلیت کی ایک نشست پر پنجاب اسمبلی میں پولنگ کا عمل شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
سینیٹ کی مذکورہ پانچ نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے درمیان مقابلہ ہے۔
خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی انوشہ رحمٰن، بشریٰ انجم بٹ امیدوار ہیں جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صنم جاوید خواتین کی نشست پر امیدوار ہیں۔ پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک خواتین کی نشست سے دست بردار ہو چکی ہیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے اس نشست کے لیے ڈاکٹر یاسمین راشد میدان میں ہیں۔
اقلیت کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خلیل طاہر سندھوجب کہ سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار ہیں۔