ایران کا تین سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیجنے کا دعویٰ Leave a comment


ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کامیابی سے تین نئے سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ نے اتوار کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ ایران نے سیمرغ راکٹ کے ذریعے سیٹلائٹ خلا میں بھیجے ہیں۔

سیٹلائٹ خلا میں ایسے وقت میں بھیجے گئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل کی غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کی وجہ سے حالات کشیدہ ہیں۔

ایران نے اگرچہ عسکری طور پر اس تنازعے میں شامل نہیں ہے۔ لیکن رواں ماہ کے اوائل میں ملک میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد حکومت پر سخت اقدامات کے لیے شدید دباؤ ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیوز میں رات کے وقت سیمرغ راکٹ کو خلا میں بھیجتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ نے ویڈیوز کے تجزیے کے بعد بتایا ہے کہ یہ راکٹ ایران کے دیہی صوبے سمنان میں واقع امام خمینی اسپیس پورٹ سے خلا میں روانہ کیے گئے ہیں۔

سرکاری ٹی وی نے اس ان سیٹلائٹس کے نام مہدا، کیہان ٹو اور حتف ون بیان کیے ہیں۔

سیٹلائٹ مہدا کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایک ریسرچ سیٹلائٹ ہے جب کہ باقی دو نینو سیٹلائٹس ہیں جو گلوبل پوزیشننگ اور مواصلات کا کام کر سکتی ہیں۔

ایران کو اس سے قبل سیمرغ پروگرام میں پانچ سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

سیمرغ پروگرام میں مسلسل ناکامی کی وجہ سے خلائی پروگرام کو مسائل کا سامنا تھا۔

امریکہ نے ایران کو ماضی میں کہا تھا کہ اس کا اسپیس پروگرام اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار داد کی خلاف ورزی ہے جس میں اسے بیلسٹک میزائل، جن پر جوہری بم لے جایا جاسکتا ہے، کی تیاری سے منع کیا گیا ہے۔

امریکی انٹیلی جنس اداروں کی 2023 کی بین الاقوامی خطرات کی تعین کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیٹلائٹ لانچ کرنے کی صلاحیت ایران کو جوہری صلاحیت کے بیلسٹک میزائل حاصل کرنے کے مزید قریب کر دے گی۔

اس رپورٹ میں مواد خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لیا گیا۔



Supply hyperlink

Leave a Reply