امریکی وزیر خارجہ بلنکن فرانس کے دورے پر، یوکرین،غزہ ایجنڈے میں شامل Leave a comment


  • امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن کی فرانس کے وزرائے خارجہ اور دفاع سے ملاقات۔
  • ایجنڈے میں یوکرین کی امداد اور غزہ میں اسرائیل ۔حماس جنگ کو پھیلنے سے روکنے پر بات چیت شامل۔
  • بلنکن نیٹو کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے لیے پیرس سے برسلز جائیں گے جب کہ اتحاد اپنی 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن منگل کو فرانس کے ایک دورے کے دوران فرانسیسی وزرائے خارجہ اور دفاع کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔

اس دورے کے بارے میں محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس میں یوکرین کی امداد اور غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کو پھیلنے سے روکنے پر بات چیت شامل ہو گی۔

بلنکن منگل کو بعد میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکراں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

امریکہ کے اعلیٰ ترین سفارت کار اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے، یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈری ازولے کے ساتھ بات چیت کریں گے جس دوران وہ تنظیم کے لیے امریکی امداد پر بھی بات کریں گے۔

امریکہ اور فرانس دو برسوں سے، جب سے روس نے اپنے پڑوسی ملک پر حملہ کیا ہے، یوکرین کے سب سے بڑے حامیوں میں شامل ہیں۔

پیرس کے ایلیسی پیلیس میں یوکرین کے ساتھ یک جہتی کی ایک کانفرنس ، فوٹو اے پی ،26 فروری 2024

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی اور فرانسیسی حکام کی ملاقات کے ایجنڈے کا ایک اور موضوع ہیٹی میں استحکام لانے کی کوششیں ہو گا۔

بلنکن نیٹو کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے لیے پیرس سے برسلز جائیں گے جب کہ اتحاد اپنی 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔

برسلز میں بلنکن اپنے یوکرینی ہم منصب دمیترو کولیبا اور نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

جمعے کے روز امریکہ، یورپی یونین اور آرمینیا کا سہ فریقی اجلاس منعقد ہو گا جس کے بارے میں محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس میں امریکہ اور یورپی یونین آرمینیا کی اقتصادی بحالی میں مدد پر توجہ مرکوز کریں گے جب کہ وہ اپنی تجارتی شراکت داری کو متنوع بنانے اور انسانی ہمدردی کی ضروریات سے نمٹنے کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین اور آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشینیان اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔

بلنکن کے دورے کا اختتام بلجئیم میں امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور ٹیکنالوجی کے مذاکرات پر ہو گا۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔



Supply hyperlink

Leave a Reply