امریکہ کے نائب صدارتی امیدواروں میں مباحثہ؛ بیشتر امور پر ایک دوسرے پر تنقید

امریکہ کے نائب صدارتی امیدواروں میں مباحثہ؛ بیشتر امور پر ایک دوسرے پر تنقید Leave a comment

  • امریکہ میں پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن سے قبل نائب صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثہ ہوا ہے۔
  • مباحثے میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ٹم والز اور ری پبلکن امیدوار جے ڈی وینس نے بیشتر امور پر ایک دورے سے اختلاف کیا۔
  • مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، تارکینِ وطن کی آمد، ٹیکسوں کے اطلاق، اسقاطِ حمل کے حقوق، موسمیاتی تبدیلی اور امریکہ کی معیشت کو موضوعِ بحث بنایا گیا۔
  • دونوں امیدواروں نے پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ووٹرز کو راغب کرنے کی کوشش کی۔ مباحثہ امریکی نشریاتی ادارے ’سی بی سی نیوز‘ پر براہِ راست دکھایا گیا۔

امریکہ میں نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدارتی امیدوار ٹم والز اور ری پبلکن پارٹی کے نائب صدارتی امیدوار جے ڈی وینس میں مباحثے کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، تارکینِ وطن کی آمد، ٹیکسوں کے اطلاق، اسقاطِ حمل کے حقوق، موسمیاتی تبدیلی اور معیشت کو موضوعِ بحث بنایا گیا۔

اس مباحثے میں دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے کی پالیسی سے شدید اختلاف کرتے ہوئے ذاتی نوعیت کے حملے کیے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق دونوں جماعتوں کے حریف امیدواروں نے صدارتی امیدواروں ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک کاملا ہیرس کے برعکس قدرے نرم لہجے میں ایک دوسرے پر تنقید کی۔

جے ڈی وینس نے صدر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار اور نائب صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کاملا ہیرس نے عہدے پر رہتے ہوئے امریکہ میں افراطِ زر، تارکینِ وطن کے معاملے اور ملک کی معیشت کے حوالے سے اس وقت اقدامات کیوں نہیں کیے جب وہ بائیدن ایڈمنسٹریشن میں عہدے پر موجود ہیں۔

جے ڈی وینس کاملا ہیرس پر مسلسل تنقید کرتے رہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ اس تسلسل کو برقرار نہیں رکھ سکے تھے۔

جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھا کہ کاملا ہیرس کے پاس اگر امریکہ کے متوسط طبقے کے مسائل حل کرنے کے لیے اس قدر اچھے منصوبے ہیں تو وہ اس پر ابھی عمل کیوں نہیں کر رہی ہیں۔ وہ اس کے لیے ایک برتر عہدے پر کیوں جانا چاہتی ہیں یا انہوں نے ان منصوبوں پر اس وقت عمل کیوں نہیں کیا جب وہ ساڑھے تین برس سے عہدے پر موجود تھیں۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار ٹم والز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک غیر مستحکم رہنما قرار دیا جن کی ترجیح ارب پتی افراد ہیں۔

انہوں نے جے ڈی وینس کی کاملا ہیرس پر کی گئی تنقید کو بھی تارکینِ وطن کا معاملہ اٹھا کر ان کی جانب ہی موڑ دیا اور ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس میں سیکیورٹی بل کو ترک کرنے کے حوالے سے ری پبلکن ارکان پر دباؤ ڈالنے کا ذکر کیا۔

تارکینِ وطن کا ذکر کرتے ہوئے ٹم والز نے کہا کہ ہم میں سے بیشتر لوگ یہ معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ البتہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس یہ معاملہ حل کرنے کے لیے چار برس کا عرصہ تھا۔ انہوں نے امریکہ کے عوام سے وعدہ بھی کیا تھا کہ وہ یہ معاملہ حل کریں گے تو پھر یہ کتنا آسان رہا۔

نیویارک میں دونوں امیدواروں میں ہونے والا مباحثہ امریکہ کے نشریاتی ادارے ’سی بی ایس‘ نے نشر کیا۔

مباحثے کا آغاز ہی مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے معاملے سے ہوا جہاں ایک جانب اسرائیل نے منگل کو بھی جنوبی لبنان میں اپنی کارروائی جاری رکھی تھی جب کہ ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل داغے۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔



Supply hyperlink

Leave a Reply