|
ویب ڈیسک — امریکہ کی مختلف ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں جب کہ مختلف واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ کچھ علاقوں میں وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں کئی برسوں بعد بار برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سرد موسم سے ریاست لوئزیانا، ٹیکساس، فلوریڈا، جارجیا، نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ جہاں کچھ مقامات پر شدید برف باری اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
فلوریڈا کے شہر جیکسن ول میں سرد موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ جیکسن ول انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو موسم کی صورتِ حال کے باعث منگل کی شام بند کیا گیا تھا جس کا بدھ کو کھلنے کا امکان ہے۔ کئی مقامات پر اسکول اور سرکاری دفاتر بھی بند ہیں۔
جیکسن ول شیرف کے دفتر نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ ہم سرد موسم کی توقع کر رہے ہیں جس کے ہم عادی نہیں ہیں۔
نارتھ کیرولائنا کے مشرقی علاقوں میں بھی شدید برف باری متوقع ہے اور کچھ علاقوں میں آٹھ انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔
لوئزیانا میں جہاں برسوں سے برف نہیں پڑی تھی وہاں بھی شدید برف باری ہوئی ہے۔
امریکہ کے جنوب میں شدید برف باری، ژالہ باری اور بارشیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب مڈویسٹ اور مشرقی امریکہ کے زیادہ تر علاقے قطب شمالی سے آنے والی برفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔
نینشل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ پہلے آخری برف باری ہوئی تھی۔ منگل کو ہونے والی غیر معمولی برف باری نے شہر میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور کچھ علاقوں میں 10 انچ تک برف پڑی ہے۔ اس سے قبل 31 دسمبر 1963 میں 2.7 انچ برف پڑنے کا ریکارڈ تھا۔
ادھر ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں برف باری کے بعد ٹیکساس-لوئزیانا سرحد کے قریب ساحلی کاؤنٹیز کے لیے برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
الاباما کے شہر موبائل میں شدید برف باری کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پروازیں منسوخ، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
آن لائن ٹریکر فلائٹ اویئر ڈاٹ کام کے مطابق بدھ کی صبح امریکہ آنے اور جانے والی 1300 پروازیں منسوخ اور 900 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ہیوسٹن کے دونوں ہوائی اڈوں نے منگل کو معطل ہونے والا فلائٹ آپریشن بدھ سے بحال کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نیو اورلینز ایئر پورٹ پر منگل کو تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
امریکہ میں بجلی کی بندش پر نظر رکھنے والے پروجیکٹ پاور آؤٹیجزڈاٹ یو ایس کے مطابق برف باری کے باعث متاثرہ ریاستوں میں لگ بھگ ایک لاکھ 32 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ریاست جارجیا میں 50 ہزار جب کہ فلوریڈا میں 43 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہیں۔
متاثرہ ریاستوں میں منگل اور بدھ کو اسکول بھی بند رہے۔
اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔