اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ مارے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق اسرائیل کی فوج کے عربی زبان کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ہفتے کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے حسن نصر اللہ کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیل نے جمعے کو حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا تھا۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس ‘کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقے داہیہ میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب حزب اللہ کے رہنماؤں کی ملاقات جاری تھی۔
فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں حسن نصر اللہ سمیت حزب اللہ کے متعدد اہم کمانڈر مارے گئے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے فوری طور پر حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے اسرائیلی دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔